جموں کشمیر لبریشن فرنٹ (زونل انفارمیشن آفس)۔
پریس رلیز مورخہ ۱۱ جون ۲۰۲۴ء۔
بلوچ چار بہاڑ واقع پر جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے زونل صدر ساجد صدیقی کا افسوس کا اظہار۔
عوامی تہوار کو سیاسی جلسے میں تبدیل کرنے کی بھونڈی کوشش اور عوام کو ایکدوسرے کے خلاف کھڑا کرنا ناقابل برداشت۔
ایسی حرکات عوام کو اشتعال دینے کے مترادف قرار۔ گرفتاریوں اور تشدد کی پر زور الفاظ میں مذمت۔
عوام بالخصوص نوجوانوں کو صبر و تحمل سے کام لے کر حکومتی سازشوں سے ہوشیار رہنے کی تلقین۔
// ساجد صدیقی، صدر جموں کشمیر لبریشن فرنٹ آزاد کشمیر گلگت بلتستان زون۔
بلوچ چار بہاڑ میں رونما ہونے والے واقعے پر اپنا سخت رد عمل دیتے ہوئے جموں کشمیر لبریشن فرنٹ آزاد کشمیر گلگت بلتستان زون کے صدر ساجد صدیقی نے افسوس کا اظہار کیا جس میں ایک نام نہاد وزیر موصوف نے انتظامیہ کے ساتھ مل کر سوچے سمجھے منصوبے کے تحت غنڈا گردی کے زریعے ایک غیر سیاسی عوامی تفریحی میلے کو سیاست کی نظر کرنے کی کوشش کی۔
زونل صدر ساجد صدیقی نے عوامی میلے کو اپنا ذاتی جلسہ گاہ سمجھتے ہوئے وزیر موصوف کی طرف سے کسی ایک سیاسی مکتبہ فکر یا نظریہ سے وابستہ نعرے بازی کرنے کی بھونڈی کوشش کو اشتعال انگیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ عوام کو ایکدوسرے کے مدمقابل کھڑا کرنے کی کوشش ناقابل برداشت ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر موصوف کی اس غیر ذمہ دارانہ روِش کے خلاف عوامی ردعمل بروقت اور دیدنی تھا جس سے اُن سمیت جملہ وزراء اور حکومتی نمائندوں کی آنکھیں کھل جانی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی حالیہ کامیاب عوامی حقوق تحریک سے یہ جملہ ۵۳ نام نہاد عوامی نمائندے بوکھلاہٹ کے شکار ہوکر اپنی خفت مٹانے اور اپنا کھویا ہوا رعب و دبدبہ دوبارہ جمانے کے لئے حکومتی مشینری کی مدد سے اب اوچھے ہتھکنڈوں پر اُتر آئے ہیں۔ انہوں نے زور دیکر کہا کہ جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کا اتحاد پارہ پارہ کرنا، آزادی پسندوں کے خلاف مکروہ پروپگنڈا کرنا اور عوام بالخصوص نوجوانوں کو اشتعال دے کر تشدد کی طرف دھکیلنا ایسی سازشیں ہیں جن سے ہر نوجوان کو ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے۔
ساجد صدیقی نے عوامی ردعمل کو دبانے کے لئے انتظامیہ کی طرف سے موقع پر طاقت کے بے جا استعمال اور انجمن تاجران پونچھ ڈویژن کے صدر سردار شبیر خان سمیت دیگر رہنماوں کی گرفتاری کی پُر زور الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اُن کے خلاف دائر مقدمات واپس لے کر انپیں فی الفور رہا کرنے کا مطالبہ کیا۔ ساجد صدیقی نے ایس ایل ایف کے مرکزی ترجمان فہیم بھیا، سابق ضلعی صدر عدنان سمیع اور متحرک ممبر فیضان فیاض پر حکومت کی ایماء پر متعدد مقدمات دائر کرنے کی پرزور الفاظ میں مذمت کی۔
منجانب: شعبہ نشرواشاعت جموں کشمیر لبریشن فرنٹ۔