جموں کشمیر لبریشن فرنٹ (سنٹرل انفارمیشن آفس)۔
پریس رلیز مورخہ ۱۴ مئی ۲۰۲۴ء۔
جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے مطالبات تسلیم کرنے کا حکومتی اقدام خوش آئند قرار۔
مظفرآباد میں رینجرز کی طرف سے شرکائے ریلی کے ایک حصہ پر بلا اشتعال فائرنگ کی مذمت۔ واقع کی تحقیقات کا مطالبہ۔
درجنوں زخمی اور چار نوجوانوں کے جاںبحق ہونے پر جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کا اظہار افسوس۔
بنیادی انسانی حقوق کو طاقت کے بلبوتے پر زیادہ دیر دبائے نہیں رکھا جاسکتا۔ // قائم مقام چیئرمین لبریشن فرنٹ۔
جموں کشمیر لبریشن فرنٹ نے جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے مطالبات تسلیم کرنے کے حکومتی اقدام کو ”دیر آید درست آید” کے مصداق خوش آئند قرار دیتے ہوئے ایک سال سے جاری بحالئے عوامی حقوق تحریک میں شامل آزاد جموں کشمیر کی عوام بالخصوص جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے رہنماوں کو مبارکباد پیش کیا۔
سنٹرل انفارمیشن آفس سے جاری بیان کے مطابق جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے قائم مقام چیئرمین راجہ حق نواز خان نے آزاد کشمیر میں پیدا شدہ صورتحال پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ صدر پاکستان آصف علی زرداری اور وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف کی بروقت مداخلت کے نتیجے میں ہی جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے جملہ اہم مطالبات کو تسلیم کر کے معاملات کا پُرامن تصفیہ ممکن ہو سکا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت آزاد کشمیر ایک سال سے جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے جائز مطالبات پر مبنی تحریک کو خوش اسلوبی اور معاملہ فہمی کے ساتھ نپٹنے میں ناکام رہی اور یوں نا اہل ہونے کا برملا ثبوت دیا۔ انہوں نے کہا کہ نا اہلی اور ناتجربہ کاری کی حد یہ ہے کہ اب تک کی لیت و لعل اور بدنیتی پر مبنی حکومتی پالیسی صورتحال کو کشیدہ بنانے اور عوامی ایکشن کمیٹی کو انتہائی اقدام اٹھانے میں کارفرما ثابت ہوئی۔
ترجمان کے مطابق راجہ حق نواز خان نے کہا کہ جموں کشمیر لبریشن فرنٹ سمجھتا ہے کہ عوامی حقوق کے حصول کے لئے ایک سال کی انتھک جدوجہد اور قربانیاں دینے اور اسے کامیابی سے ہمکنار کرنے والی جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے جملہ معزز ممبران، اُن کے ساتھ جڑے آزاد کشمیر کے جملہ انجمن تاجران کے ذمہ داران، سول سوسائٹی سے وابستہ دیگر شعبہ جات کے نمائندگان، کھل کر تحریک کی حمایت میں سامنے آنے والی جملہ سیاسی جماعتیں اور بالخصوص آزاد جموں کشمیر کی عوام جہاں زبردست خراج تحسین کے مستحق ہیں وہاں اس کامیابی کا سہرا بھی اُن ہی کے سر جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مفاد عامہ کے حق میں اخلاص اور نیک نیتی پر مبنی تحریکیں ہمیشہ کامیابی سے ہمکنار ہوتی ہیں۔
بیان کے مطابق قائم مقام چیئرمین جموں کشمیر لبریشن فرنٹ نے مظفرآباد میں غیر ضروری طور پر قلیل تعداد میں تعینات پاکستان رینجرز کی جانب سے شرکائے ریلی کے ایک حصے پر بلا اشتعال فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے چار مقامی نوجوانوں کی ہلاکت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عینی شاہدین کے مطابق رینجرز کے جوانوں نے خود کو غیر محفوظ سمجھ کر گھبراہٹ میں ریلی کے شرکاء پر بلواستہ فائرنگ کی جس سے ایک درجن کے قریب نوجوان زخمی ہوئے۔ زخمی ہونے والے نوجوانوں میں سے چار جاں بحق جبکہ باقی ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔ ترجمان نے عوامی مطالبات تسلیم کئے جانے کے حکومتی اعلان کے بعد رونما ہونے والے فائرنگ اس ناخوشگوار واقعے کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے تاکہ اصل حقائق سامنے آسکیں۔ راجہ حق نواز خان نے مزید کہا کہ ہیلی کاپٹر کے زریعے مظفرآباد میں برارکوٹ والی سائڈ پر رینجرز کی تعیناتی از خود ایک سوالیہ نشان ہے جبکہ ایک روز قبل وزیر اعظم آزادکشمیر کے ایک بیان کے مطابق انہوں نے کوہالہ پہنچنے والے رینجرز کے قافلے کو واپسی کا حکم صادر فرمایا تھا۔
قائم مقام چیئرمین جموں کشمیر لبریشن فرنٹ راجہ حق نواز خان کے بیان کے مطابق جائز بنیادی عوامی حقوق کو نا ہی طاقت کے بلبوتے پر زیادہ دیر دبائے رکھا جاسکتا ہے اور ناہی حیلے بہانوں سے ٹالا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ بحالئے عوامی حقوق کی تحریک کو بلا شرکت غیرے اکثر سیاسی جماعتوں کی حمایت شامل رہی اور سوائے مفاد پرست اور مراعاتی ٹولے سے وابستہ چند گنے چنے افراد کے کسی بھی جماعت نے عوامی حقوق کے بحالی کی اس تحریک کو غلط قرار نہیں دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ تحریک حق و انصاف پر مبنی ایک غیرسیاسی عوامی تحریک تھی جس کی کامیابی کا راز تحریک کو سیاست و نظریات سے بالا تر سول سوسائٹی کے ہاتھوں میں رہنا ہے۔ راجہ حق نواز خان نے کہا کہ عوامی حقوق کی اس تحریک نے مختلف الخیالات و مختلف النظریات سے وابستہ عام کشمیریوں کو مفاد عامہ کی خاطر جوڑے رکھا جس سے ایک بار پھر یہ ثابت ہوا کہ ریاست جموں کشمیر کی قومی آزادی کا حصول بھی ایک قوم بن کر ہی ممکن ہو سکتا ہے۔
قائم مقام چیئرمین نے اپنے بیان میں جاں بحق نوجوانوں کی مغفرت و جنت نشینی اور اُن کے ورثاء کے صبر و جمیل جبکہ جملہ زیر علاج زخمی نوجوانوں کی جلد صحتیابی کے لئے دعا کی۔
منجانب: شعبہ نشرواشاعت جموں کشمیر لبریشن فرنٹ۔