جموں کشمیر لبریشن فرنٹ (سنٹرل انفارمیشن آفس)۔
پریس رلیز مورخہ ۲۰ مئی ۲۰۲۴ء۔
قومی آزادی کا حصول قومی یکجہتی، جہد مسلسل اور بے پناہ قربانیوں کے بعد ہی ممکن ہے۔
قوم کو طاقت کے بلبوتے پر زیر نہیں کیا جاسکتا اور ناہی تحریک آزادی کے خلاف مکروہ سازشیں کامیاب ہوںگی۔
بحالئے عوامی حقوق کی کامیاب تحریک کو قومی آزادی کے حصول کی نوید قرار۔
سپریم کونسل کے اجلاس میں عوامی حقوق کی کامیاب تحریک اور پارٹی وفد کا دورہ گلگت بلتستان کا جائزہ لینے کے علاوہ لبریشن فرنٹ کے مختلف دھڑوں کو یاسین ملک کی قیادت میں یکجا کرنے کی کوششوں کو جاری رکھنے کا فیصلہ۔
ڈاکٹر فائی کی قیادت میں ڈائسپورا کے وفد کا لبریشن فرنٹ کے سنٹرل انفارمیشن آفس آمد پر سیر حاصل گفتگو۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر اور وزیر خارجہ کی حادثاتی موت پر لبریشن فرنٹ کا اظہار افسوس۔
// مرکزی ترجمان لنبریشن فرنٹ۔
جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے اعلی و با اختیار پالیسی ساز ادارے سپریم کونسل کے ہنگامی طور پر منعقد ایک اجلاس میں شرکاء نے اتفاق رائے کے اسبات پر زور دیا کہ ریاست جموں کشمیر کی قومی آزادی کا حصول قومی یکجہتی کے جذبے کے ساتھ ساتھ جہد مسلسل اور لازوال قربانیوں کے بعد یقینی طور پر ممکن ہوگا۔
سنٹرل انفارمیشن آفس سے جاری ایک بیان کے مطابق گذشتہ روز سہ پہر کے وقت سنٹرل انفارمیشن آفس میں منعقدہ جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کی سپریم کونسل کے ایک آن لائن اجلاس میں جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے زیر اہتمام بحالئے عوامی حقوق کی کامیاب تحریک اور قائد تحریک امان اللہ خان مرحوم کی برسی کے سلسلے میں زونل صدر ساجد صدیقی کی قیادت جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے تیس رُکنی وفد کے دورہ گلگت بلتستان کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس قائم مقام چیئرمین راجہ حق نواز خان کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں بھارتی مقبوضہ جموں کشمیر سے سینئر رہنماوں کے علاوہ وائس چیئرمین خواجہ سیف الدین، وائس چیئرمین سلیم ہارون، وائس چیئرمین سردار ذاہد حسین (یورپ)، سفارتی شعبے کے سربراہ پروفیسر راجہ ظفرخان (برطانیہ)، چیف آرگنائزر صابر گل (برطانیہ)، ڈپٹی سیکریٹری جنرل سردار جاوید حنیف، ڈپٹی چیف آرگنائزر سردار محمد انور خان، ڈپٹی فائنانس سیکریٹری حافظ ممتاز احمد (قطر)، ممبران سپریم کونسل ساجد صدیقی (صدر آزاد کشمیر گلگت بلتستان زون)، محمد حلیم خان (صدر نارتھ امریکہ زون)، طارق شریف (برطانیہ)، اعظم ضیاء، مذمل حق عادل (فرانس)، ملک اسلم اور سردار جمشید احمد خان نے شرکت کی جبکہ صدر برطانیہ زون لیاقت علی لون (برطانیہ)، صدر یورپ زون ملک مشتاق پاشا (فرانس) اور صدر مڈل ایسٹ زون وسیم افتخار درانی (سعودی عرب) بھی اجلاس میں بحیثیت مبصر شریک رہے۔
ترجمان کے مطابق اجلاس میں شرکاء نے بیک زبان اس بات کا اظہار کیا کہ طاقت کے بلبوتے پر آزادی پسند عوام کے خلاف جاری ریاستی دہشت گردی سے قومِ کشمیر کو کسی صورت زیر نہیں کیا جا سکتا ہے اور نا ہی ریاست جموں کشمیر کی آزادی کے خلاف رجائی جانے والی سازشیں کامیاب ہو سکتی ہیں۔ شرکائے اجلاس نے جملہ شہدائے جموں کشمیر کو خراج عقیدت جبکہ قائد انقلاب و تہاڑ جیل میں محبوس چیئرمین محمد یاسین ملک سمیت جملہ اسیران وطن کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے بھارت سے ان کی فوری اور غیر مشروط رہائی کا مطالبہ دہرایا۔
بیان کے مطابق سپریم کوسل کے اجلاس میں آزاد کشمیر میں جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے پلیٹ فارم سے کامیاب عوامی حقوق تحریک کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے تحریک میں جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کی طرف سے نبھائے گئے حمایتی کردار پر اطمنان کا اظہار کیا گیا۔ سپریم کونسل نے پارٹی کے مرکزی، زونل، ضلعی و نچلی پر ذمہ داران و کارکنان کی طرف سے تحریک کے لئے قلیدی کردار ادا کرنے اور قربانیاں پیش کرنے پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اُن جملہ پارٹی رہنماوں، ذمہ داران و کارکنان کو سراہا گیا جو اس تحریک کے دوران گرفتار ہوئے۔ اجلاس میں سپریم کونسل کے ممبران نے اس بات پر اتفاق کیا کہ عوامی حقوق کی کامیاب تحریک قومی آزادی کی کامیابی کی نوید ثابت ہوگی۔
سپریم کونسل کے اجلاس میں قائد تحریک امان اللہ خان مرحوم کی برسی کے سلسلے میں جموں کشمیر لبریشن فرنٹ آزاد کشمیر و گلگت بلتستان زون کے صدر ساجد صدیقی کی قیادت میں تیس افراد پر مشتمل پارٹی کے وفد کے حالیہ دورہ گلگت بلتستان کا جائزہ لیتے ہوئے وفد کی کارکردگی پر انہیں سراہا گیا۔ پیش کردہ رپورٹ کی روشنی میں آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے درمیان عوامی رابطہ مہم اور گلگت بلتستان میں تنظیم سازی کے عمل کو تیز تر کرنے کا فیصلہ ہوا۔ سپریم کونسل کے اجلاس میں جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے نام پر موجود مختلف دھڑوں کو محبوس قائد انقلاب محمد یاسین ملک کی قیادت میں یکجا کرنے کی کوششوں کو جاری رکھنے کا بھی فیصلہ ہوا۔
بیان کے مطابق گذشتہ روز امریکہ میں مقیم ورلڈ کشمیر اویئرنس فورم کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر غلام نبی فائی کی قیادت میں نزیر احمد قریشی، سردار ذوالفقار احمد، ظفر احمد قریشی اور مذمل ایوب ٹھاکر پر مشتمل وفد کی جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے سنٹرل انفارمیشن آفس آمد پر پارٹی رہنماوں کے ساتھ تحریک آزادی کی موجودہ صورتحال اور درپیش مسائل کے ممکنہ حل پر سیر حاصل گفتگو ہوئی۔ گفتگو کے دوران مشترکہ قومی کشمیر پالیسی ترتیب دیکر ریاست جموں کشمیر کی قومی تحریک آزادی بشمول ڈائسپورا اسی وضع کردہ پالیسی کے خطوط پر استوار کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
دریں اثناء جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے مرکزی ترجمان محمد رفیق ڈار نے اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ابراھیم رئیسی اور وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان کی ہیلی کاپٹر حادثے میں موت واقع ہونے پر گہرے رنج و غم اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے ایرانی عوام کے دکھ اور صدمے میں برابر شریک ہونے کے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے حادثے میں جاں بحق جملہ مرحومین کے بلندئے درجات اور مغفرت کی دعا کی۔
منجانب: شعبہ نشرواشاعت جموں کشمیر لبریشن فرنٹ۔