جموں کشمیر لبریشن فرنٹ (سنٹرل انفارمیشن آفس)۔
پریس رلیز مورخہ ۲۵ مئی ۲۰۲۴ء۔
جموں کشمیر لبریشن فرنٹ ریاست جموں کشمیر کے آزادی پسند عوام کی واحد نمائندہ جماعت ہے۔
قائدِ تحریک کا اُگایا ہوا پودا شہداء کے خون اور جہد مسلسل کے نتیجے میں ناقابل تسخیر درخت کی شکل اختیار کر گیا ہے۔
تمام تر طاقت کے استعمال اور ریشہ دوانیوں کے باوجود سیزفائرلائن کے دونوں اطراف اور دنیا بھر میں تنظیم موجود ہے۔
بھارتی تہاڑ جیل میں محبوس چیئرمین یاسین ملک کی قیادت میں قومی آزادی کے حصول کے لئے جدوجہد جاری ہے۔
قائم مقام چیئرمین کی طرف سے ۲۹ مئی لبریشن فرنٹ کا ۴۷ واں یوم تاسیس شایان شان طریقے سے منانے کی ہدایت۔
لبریشن فرنٹ کا شہدائے کپوارہ کو خراج عقیدت پیش۔ // مرکزی ترجمان لبریشن فرنٹ۔
۲۹ مئی ۱۹۷۷ ء میں برطانیہ کے شہر برمنگھم میں قائم ہونے والی تنظیم جموں کشمیر لبریشن فرنٹ ریاست جموں کشمیر کے نہ صرف آزادی پسند عوام بلکہ پیش کردہ قربانیون کی ترجمان اور واحد نمائندہ جماعت ہے، جس کا نصب العین ۸۴،۴۷۱ مربع میل پر محیط اور سوا دو کروڑ سے زائد نفوس پر مشتمل ریاست جموں کشمیر کی قومی آزادی و خودمختاری، بحالئے وحدت و حق حاکمیت اور ریاستی عوام کی خوشحالی کا حصول ہے۔
سنٹرل انفارمیشن آفس سے جاری بیان میں پارٹی کے مرکزی ترجمان نے کہا ہے کہ جموں کشمیر لبریشن فرنٹ ایک تحریک کا نام ہے جو اپنے اسلاف کے نقش و قدم اور وضع کردہ راہنما اصولوں پر گامزن اپنے بنیادی اہداف و مقاصد کے حصول کے لئے جدو جہد جاری رکھے ہوئی ہے۔ ترجمان کے مطابق قائدِ تحریک امان اللہ خان مرحوم اور اُن کے ساتھیوں کی طرف سے ۲۹ مئی ۱۹۷۷ء میں جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے نام پر اُگایا ہوا پودا شہداء کی بے مثال قربانیوں اور قیادت سمیت عام کارکنان کی جہد مسلسل کے نتیجے میں الحمد للہ اب ایک ناقابل تسخیر درخت کی شکل اختیار کر چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے اسلاف بالعموم ڈاکٹر فاروق حیدر مرحوم اور سردار رشید حسرت خان مرحوم اور بالخصوص بابائے قوم شہید محمد مقبول بٹ اور قائدِ تحریک امان اللہ خان مرحوم کی قربانیوں، جہد مسلسل، رات دن کی انتھک محنت اور انقلابی سوچ پرمبنی اقدامات کی بدولت جموں کشمیر لبریشن فرنٹ ریاستی عوام کے امنگوں کی ترجمان تنظیم کے طور پر اُبھر گئی۔
ترجمان کے مطابق ریاست جموں کشمیر پر عوامی خواہشات کے برعکس کھینچی گئی جنگ بندی لائن کے دونوں اطراف بالخصوص بھارتی مقبوضہ حصے میں طاقت کے بے تحاشا استعمال اور تنظیم و قیادت کے خلاف رچائی گئ ریشہ دوانیوں کے باوجود لبریشن فرنٹ نہ صرف ریاست بھر کے اندر بلکہ دنیا بھر میں پھیلی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لبریشن فرنٹ کے پلیٹ فورم پر ہر محب وطن ریاستی باشندہ قومی آزادی کی جدجہد میں اپنی ممکنہ بساط کے مطابق ناقابل فراموش حصہ ادا کر رہا ہے۔
بیان کے مطابق ترجمان نے بدنام زمانہ بھارتی تہاڑ جیل میں کئی سالوں سے غیرقانونی طور پر پابند سلاسل کشمیریوں کے ہر دلعزیز قومی رہنما و قائد انقلاب چیئرمین محمد یاسین ملک کی قیادت میں جموں کشمیر لبریشن فرنٹ ریاست جموں کشمیر کی قومی آزادی و خودمختاری کے حصول تک جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ لبریشن فرنٹ کی قیادت نے ہر اول دستے کے طور پر خود کو ہمیشہ قربانی کے لئے پیش کیا جس کی روایت آج بھی جاری ہے۔
بیان کے مطابق جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے قائم مقام چیئرمین راجہ حق نواز خان نے پارٹی ذمہ داران، قائدین و کارکنان کو ۲۹ مئی لبریشن فرنٹ کا سنتالیسواں (۴۷ واں) یوم تاسیس جوش و جذبے کے ساتھ شایان شان طریقے سے منانے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی و زول صدر مقامات پر مختلف تقریبات کے انعقاد پر تنظیمی کارکردگی اور اس کے بنیادی مقاصد سے عوام و کارکنان کو روشناس کرانے کا اہتمام کیا جائے۔
دریں اثناء جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے مرکزی ترجمان نے شہدائےکپوارہ غضنفر جنجوعہ، زمرد بخاری اور ارشاد کاظمی کو برسی کے موقع پر انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہدائے جموں کشمیر ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں۔
منجانب: شعبہ نشرواشاعت جموں کشمیر لبریشن فرنٹ۔