Flat Preloader Icon JAMMU KASHMIR LIBERATION FRONT (JKLF)

Jammu Kashmir Liberation Front

27-06-2024 | Urdu

پریس رلیز مورخہ ۲۷ جون۔
سنٹرل انفارمیشن آفس سے جاری بیان کے مطابق جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے مرکزی ترجمان محمد رفیق ڈار نے کہا کہ بھارتی مقبوضہ جموں کشمیر کے اندر گذشتہ کئی دہائیوں میں کانگریس نے بالعموم اور نریندر مودی کی قیادت میں انتہاء پسند بھارتی حکومت نے بالخصوص گذشتہ ایک دہائی کے عرصے میں ظلم، جبر اور بربریت کے وہ تمام ریکارڈ مات کردئے جن کی انسانی تاریخ میں سند موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دھونس دباو، پکڑ دھکڑ، قدغنوں، پابندیوں، میڈیا کی بندش، عدالتی ناانصافیوں، شہادتوں اور گرفتاریوں کے دراز سلسلے کے باوجود ریاستی عوام اپنے نعرئے آزادی سے دستبردار نہیں ہوئی۔ ترجمان نے اس یقین کا اظہار کیا کہ جملہ شہدائے جموں کشمیر، قائدِ انقلاب و تہاڑ جیل میں محبوس چیئرمین جموں کشمیر لبریشن فرنٹ محمد یاسین ملک و دیگر چوٹی کے محبوس مرد و خواتین رہنماوں سمیت جملہ اسیرانِ وطن بالخصوص عوام کی طرف سے پیش کردہ بے مثال قربانیاں ضرور رنگ لائیں گی۔

جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے مرکزی ترجمان نے اپنے بیان میں تہاڑ جیل میں گذشتہ کئی سالوں سے مقید جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے رہنما فاروق احمد ڈار عرف بٹہ کراٹھے کی بگڑتی ہوئی صحت کی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فاروق احمد ڈار جیل میں ایک جان لیوا بیماری سے دوچار ہیں۔ جیل ڈاکٹر کی ہدایات کے باوجود حکومت کی طرف سے انہیں اب تک ہسپتال منتقل نہ کرنا قابل مذمت ہے۔ بیان کے مطابق حکومت کی ایماء پر جیل حکام کا آزادی پسند رہنماوں کے ساتھ روا یہ غیر انسانی رویہ سیاسی انتقام گیری کی بدترین مثالیں ہیں۔

بیان کے مطابق ترجمان نے جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے زیر نگرانی آزاد کشمیر میں عوامی مسائل پر مبنی تحریک کے دوران گرفتار اسیرانِ میرپور اور بعد ازاں پلندری سے چار بہاڑ واقعہ میں گرفتار رہنماوں کی رہائی کے حوالے سے عوامی ایکشن کمیٹی اور حکومت کے درمیان کامیاب مزاکراتی عمل کو خوش آئند قرار دیا، جس کے نتیجے میں جملہ اسیران کی خوش اصلوبی کے ساتھ رہائی ممکن ہو سکی۔ اسیران کی رہائی عوام کی فتح قرار دیتے ہوئے ترجمان نے اپنے بیان میں جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کا عوامی مسائل پر مبنی تحریک کے نام پر مختلف نظریات و مختلف سیاسی عقائد سے وابستہ رہنماوں اور عام عوام کو جوڑنے والی قوت جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے شانہ بشانہ کھڑا رہنے کا اعادہ کیا۔

بیان کے مطابق حکومت، انتظامیہ اور آزاد کشمیر کے ناکام سیاسی گداگروں و حکومتی کارندوں کے علاوہ چند نمود و نمائش کے پجاری عناصر کی طرف سے سوشل میڈیا پر تحریک آزادی کی ترجمان جماعت جموں کشمیر لبریشن فرنٹ اور جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے رہنماوں کے خلاف جاری بے اثر منفی پروپگنڈا مہم کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے لبریشن فرنٹ کے ترجمان نے پارٹی کارکنان و جملہ ذمہ داران بالخصوص جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے معزز رہنماوں کو ترغیب دی کہ بجائے چھوٹے مقامی فروعی مسائل اور کسی کی بے جا انگشت نمائی و الزام تراشی میں الجھنے کی مزموم کوشش کے وہ تحریک آزادی، تنظیم، عوامی مسائل اور متعلقہ مشتہر پروگرامات کی کامیابی کی طرف ہی اپنی توجہ مرکوز رکھیں۔ انہوں نے اپنے بیان میں اس بات پر زور دیا کہ قوم بن کر اتحاد و یکجہتی کے ساتھ ہی ہم اپنے اہداف حاصل کرسکتے ہیں جس کے لئے انتشاری قوتوں کی حوصلہ شکنی اور جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی جیسے اتحاد کو مضبوط بنانا ازبس ضروری ہے۔

ترجمان نے اپنے بیان میں وضاحت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ناڑ جیسے واقعات کا لبریشن فرنٹ کے ساتھ کوئی تعلق نہیں بلکہ یہ رواں عوامی مسائل کی تحریک کے دوران ایک مخصوص گروہ کی جانب سے اس جیسے مزید کئی تحریک مخالف ناخوشگوار حرکات و واقعات کا ایک دراز سلسہ ہے جو دراصل جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی طرف سے وضع کردہ ایس او پیز (نظم و ضبط) کی خلاف ورزیوں کا معاملہ ہے۔ ترجمان کے مطابق جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی اور دیگر مقامی ایکشن کمیٹیوں میں جملہ سیاسی و تحریکی جماعتوں سے وابستہ افراد موجود ہیں اور اگر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی یا مقامی ایکشن کمیٹی نظم و ضبط کو قائم رکھنے کے لئے کوئی عمل کرتا ہے تو اس کی ذمہ داری لبریشن فرنٹ پر عائد نہیں ہوتی۔ ترجمان نے کہا کہ کوئی جماعت، گروہ یا فرد ایکشن کمیٹی کے نظم و ضبط سے ماوراء نہیں ہے لہذا بہتر یہی ہے کہ جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی سے وابستہ جملہ جماعتیں، گروہ یا افراد اپنے جماعتی مفادات یا ذاتی نمود نمائش کے بجائے کمیٹی کے نظم و ضبط پر کاربند رہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ لبریشن فرنٹ ایک منظم جماعت ہے جو پارٹی نظم و ضبط پر کاربند کارکنان کی تنظیم ہے۔ انہوں نے یہ بات بھی واضح کر دی کہ اگر پارٹی ڈسپلن سے ہٹ کر کوئی کارکن لبریشن فرنٹ کے پلیٹ فارم پر ذاتی طور پر کوئی عمل کرتا ہے تو ضرورت محسوس کرنے پر قیادت ایسے کارکن کے خلاف باضابطہ تادیبی کاروائی عمل میں لانے کا اختیار رکھتی ہے لیکن اگر لبریشن فرنٹ سے وابستہ کوئی کارکن ایکشن کمیٹی کے ممبر کی حیثیت سے ایکشن کمیٹی کے وضع کردہ ڈسپلن کو قائم رکھنے کے لئے کوئی عمل کر رہا ہو تو لبریشن فرنٹ اس کی ذمہ داری قبول نہیں کر سکتا۔

دریں اثناء لبریشن فرنٹ کے مرکزی ترجمان نے جماعت اسلامی مقبوضہ جموں کشمیر کے سابق نائب امیر اور تحریک آزادی کے ایک نامور سیاسی شخصیت مولانا غلام نبی نوشہری، اسلام آباد میں مقیم مقبوضہ کشمیر سے تعلق رکھنے والے تحریک آزادی کے ساتھی سجاد احمد بٹ کے والد اور لبریشن فرنٹ تحصیل ہجیرہ کے سابق صدر خان شہزاد کے چچا کے انتقال پر گہرے رنج و غم اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے مرحوم غلام نبی نوشہری کی موت کو تحریک آزادی کے لئے بڑا نقصان قرار دیتے ہوئے تحریک آزادی کے لئے گرانقدر خدمات پر انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔ ترجمان نے اللہ تعالی سے جملہ مرحومین کی کامل مغفرت و جنت نشینی اور پسماندگان کے حق میں صبر و جمیل کی دعا کی۔

منجانب: شعبہ نشرواشاعت جموں کشمیر لبریشن فرنٹ۔