Flat Preloader Icon JAMMU KASHMIR LIBERATION FRONT (JKLF)

Jammu Kashmir Liberation Front

09-05-2024 | Urdu

جموں کشمیر لبریشن فرنٹ (سنٹرل انفارمیشن آفس)۔

پریس رلیز مورخہ ۹ مئی ۲۰۲۴ء۔

آزاد کشمیر میں عوامی حقوق کی بحالی کے لئے پُرامن احتجاج کی کال دینے والوں کے خلاف کریکڈاون اور گرفتاریاں قابل مذمت۔

درجنوں افراد کی گرفتاریوں کے خلاف آزاد کشمیر بھر میں احتجاج کے نتیجے میں صورتحال تشویشناک۔

حکومت احتجاج کو پُرتشدد نہ بنائیں۔ عوام کے خلاف جنگ صورتحال کو بے قابو کر سکتا ہے۔

سستی بجلی اور سستا آٹا سمیت حکومت و بیوروکریسی کی غیر ضروری مراعات کے خاتمے کا مطالبہ جرم نہیں۔

حکومت کو عوامی ایکشن کمیٹی کے نمائندگان کے ساتھ مذاکرات کے زریعے مسائل حل کرنے پر زور۔

// راجہ حق نواز خان، قائم مقام چیئرمین جموں کشمیر لبریشن فرنٹ۔

آزاد کشمیر میں عوامی حقوق کی بحالی کے لئے انجمن تاجراں و سول سوسائٹی پر مبنی جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی طرف سے ۱۱ مئی کے روز بھمبر تا مظفرآباد پُرامن احتجاجی لانگ مارچ کی کال سے نپٹنے کے لئے حکومتی پُر تشدد پالیسی ناقابل فہم ہے۔ ایف سی اور پی سی کے علاوہ مقامی پولیس کی طرف سے عوامی ایکشن کمیٹی کے خلاف کریک ڈاون اور درجنوں رہنماوں کی گرفتاریاں قابل مذمت ہے۔ ان باتوں کا اظہار جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے قائم مقام چیئرمین راجہ حق نواز خان نے آج سوشل میڈیا کے لئے جاری اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کیا۔

راجہ حق نواز خان نے حکومت کی ایماء پر عوامی ایکشن کمیٹی کے رہنماوں کو گرفتار کرنے کی غرض سے شبانہ چھاپوں اور گرفتاریوں کے ردعمل میں آزاد کشمیر بھر میں امنڈنے والے عوامی مظاہروں پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے خلاف حکومتی پُرتشدد پالیسی صورتحال کو تشویشناک حد تک بگاڑ سکتا ہے۔ انہوں نے اپنے ویڈیو پیغام میں حکومت آزاد کشمیر کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ پُرامن مظاہرین کے خلاف طاقت کا استعمال کسی صورت جائز نہیں۔

راجہ حق نواز خان نے مزید کہا کہ عوام کی طرف سے سستی بجلی، سستے آٹے اور حکومت و بیوروکریسی میں ہوشربا مراعات کے خاتمے کا مطالبہ کرنا کوئی جرم نہیں جس کی پاداش میں سول سوسائٹی اور عوام کے خلاف طاقت کا استعمال کیا جائے۔ انہوں نے حکومت آزاد کشمیر کی طرف سے اُٹھائے جانے والے اِن پُرتشدد اقدامات کی پُرزور الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح صورتحال بے قابو ہو سکتی ہے۔

قائم مقام چیئرمین نے حکومت آزاد کشمیر سے عوامی ایکشن کمیٹی کے نمائندگان سے فوری طور پر مذاکرات کا آغاز کرنے کا مطالبہ کیا تاکہ صورتحال خراب ہونے سے بچ سکے۔

شعبہ نشرواشاعت جموں کشمیر لبریشن فرنٹ۔