Flat Preloader Icon JAMMU KASHMIR LIBERATION FRONT (JKLF)

Jammu Kashmir Liberation Front

06-06-2024 | Urdu

جموں کشمیر لبریشن فرنٹ (سنٹرل انفارمیشن آفس)۔

پریس رلیز مورخہ ۶ جون ۲۰۲۴ء۔

درجنوں نوجوانوں کا جموں کشمیر لبریشن فرنٹ میں شمولیت اختیار کرنا خوش آئیند۔

سہنسہ کوٹلی میں منعقد شمولیتی کانفرنس سے قائم مقام چیئرمین سمیت دیگر پارٹی رہنماوں کا خطاب۔

جموں کشمیر لبریشن فرنٹ سیزفائرلائن کے دونوں اطراف سے ریاست جموں کشمیر کی عوام کے امنگوں کی واحد ترجمان پارٹی ہے۔

روایتی سیاست کے زریعے اقتدار نہیں بلکہ عوامی شعوری انقلاب کے زریعے ریاست کی قومی آزادی ہمارا نصب العین ہے۔

بابائے قوم و قائد تحریک سمیت جملہ اسلاف اور قائد انقلاب ہمارے لئے مشعل راہ ہیں۔

سینئر پارٹی رہنماوں کا شہید پرویز احمد ڈار عرف ایماندار کو برسی کے موقع پر زبردست خراج عقیدت پیش۔

// مرکزی ترجمان جموں کشمیر لبریشن فرنٹ۔

جموں کشمیر لبریشن فرنٹ میں جوق در جوق ریاستی باشندوں بالخصوص نوجوانوں کا شمولیت اختیار کرنا خوش آئیند قرار دیتے ہوئے پارٹی رہنماوں نے خطئہ جنوبی ایشیاء میں طاقت کے عدم توازن کے سبب مسئلہ کشمیر پر پڑنے والے منفی اثرات اور بھارت میں گذشتہ ایک صدی سے قائم انتہاء پسند جماعت کی کشمیر و کشمیری کُش سخت گیر پالیسی کی وجہ سے بدلتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر نوجوانوں کو تحریک آزادئ کشمیر کامیابی سے ہمکنار کرانے میں اہم کردار ادا کرنے پر زور دیا۔

سنٹرل انفارمیشن آفس سے جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے مرکزی ترجمان محمد رفیق ڈار کے نام سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جموں کشمیر لبریشن فرنٹ سیزفائرلائن کے دونوں اطراف سے ریاست جموں کشمیر کی عوام کے امنگوں کی واحد جماعت ہے جس کے اسلاف نے ریاست جموں کشمیر کی قومی آزادی کے حصول کے لئے اپنے آپ کو وقف کردیا۔ ان باتوں کا اظہار ضلع کوٹلی کی تحصیل سہنسہ میں بھرنڈ کے مقام پر‌ تحصیل صدر عرفان کشمیری کے زیر صدارت منعقدہ ایک شمولیتی کانفرنس کے موقع جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے رہنماوں نے کیا۔ کانفرنس کے مہمان خصوصی قائم مقام چیئرمین راجہ حق نواز خان جبکہ ممبر سپریم کونسل اعظم ضیاء، زونل جنرل سیکریٹری سردار ارباب حسین ایڈووکیٹ، سیاسی شعبے کے زونل سربراہ غازی سہیل احمد کٹاریہ، زونل نائب صدر سجاد یونس، زونل ڈپٹی جنرل سیکریٹری اشفاق مرشد، سینئر رہنما شفقت مغل، اسپین میں مقیم پارٹی کے سینئر رہنما نجیب الرحمن، ضلع صدر ابرار افتخار احمد، سابق تحصیل صدر راجہ پرویز احمد اور لبریشن فرنٹ کے متعدد رہنماوں کے علاوہ سٹوڈنٹس لبریشن فرنٹ سے وابستہ طلباء سمیت عوام علاقعہ کی کثیر تعداد شامل تھے۔

ترجمان کے مطابق کانفرنس کے مہمان خصوصی راجہ حق نواز خان اور زونل جنرل سیکریٹری سردار ارباب حسین ایڈووکیٹ سمیت دیگر جملہ مقررین نے تحصیل صدر عرفان کشمیری و دیگر رہنماوں کی کاوشوں سے پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والے درجنوں نوجوانوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کا نصب العین روایتی سیاست کے زریعے اقتدار کا حصول نہیں بلکہ عوامی شعوری انقلاب کے زریعے قومی آزادی حاصل کرنا ہے جس کے لئے ہمارے اسلاف سمیت لاکھوں ریاستی باشندوں نے اپنے جانوں کا نظرانہ پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر لبریشن فرنٹ بابائے قوم شہید محمد مقبول بٹ اور قائد تحریک و سپریم ہیڈ امان اللہ خان مرحوم کے وضع کردہ راہنما اصولوں کے عین مطابق قائد انقلاب و بھارتی تہاڑ جیل میں محبوس پارٹی کے موجودہ چیئرمین محمد یاسین ملک کی قیادت میں ریاست جموں کشمیر کی قومی آزادی و خودمختاری کے حصول کے لئے جدوجہد کر رہا ہے۔

ترجمان کے مطابق شمولیتی کانفرنس میں مقررین نے ضلع کوٹلی کی پارٹی قیادت کو سراہتے ہوئے متحرک نوجوانوں سے عوام تک لبریشن فرنٹ کا پیغام اور پروگرام اپنے اسلاف کی طرح صحیح تنا نظر میں پہنچانے میں ہر اول دستے کا کردار ادا کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ لبریشن فرنٹ کے اسلاف کا طُرۃ امتیاز نمود و نمائش نہیں بلکہ سیاسی داو پیچ کے بغیر اخلاص کی بنیاد پر قومی یکجہتی کے ساتھ قومی آزادی جیسے مقصد کا حصول رہا ہے۔ پارٹی رہنماوں نے کارکنان سے ہوشیار رہنے کی تلقین کرتے ہوئے اپنے صفوں میں تحریک پسندی کی صفت مضبوط کرنے پر زور دیا۔ مقررین نے جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی اور آزاد کشمیر کی تاجر برادری کو خراج تحسین پیش کیا جن کی بدولت عوامی حقوق تحریک بھر پور عوامی یکجہتی کے ساتھ کامیاب ہوئی۔ انہوں نے کارکنوں سے مخاطب ہو کر کہا کہ لبریشن فرنٹ کا ہر کارکن اپنے اعلی کردار اور گفتار سے پارٹی و نظریہ کے لئے نیک نامی کا باعث بنے نہ کہ بدنامی کا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی مدد سے پارٹی و نظریہ کو بدنام کرنے والی ہر سازش ناکام بنانے میں ہمہ وقت متحرک رہنے کی ضرورت ہے۔

بیان کے مطابق دریں اثناء جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے مرکزی ترجمان محمد رفیق ڈار اور وائس چیئرمین سلیم ہارون سمیت جملہ مرکزی قائدین نے شہید پرویز احمد ڈار عرف ایماندار کو اُن کی تنتیسویں (۳۳ ویں) یوم شہادت کے موقع پر اُنہیں زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید پرویز احمد ڈار جہاں اپنے جسمانی قد میں اونچا تھے وہاں وہ اپنے کردار، گفتار اور چال و چلن میں بھی قدآور شخصیت تھے۔ انہوں نے کہا کہ فرشتہ صفت شہید ایماندار مردِ حُر اور جرت و شجاعت کا پیکر تو تھا ہی لیکن حلمت و دانائی بھی اُس کی پیشانی سے جھلک رہی تھی۔ شہید موصوف آزادی، خودمختاری، جہد مسلسل اور شہادت پر پکا ایمان رکھتا تھا اور یوں ۶ جون ۱۹۹۱ء کو سرینگر میں جام شہادت نوش کر گیا۔ اس موقع پر لبریشن فرنٹ کے جملہ قائدین نے شہدائے جموں کشمیر کو خراج عقیدت جبکہ یاسین ملک سمیت جملہ اسیران کو خراج تحسین پیش کیا۔

منجانب: شعبہ نشرواشاعت جموں کشمیر لبریشن فرنٹ۔