Flat Preloader Icon JAMMU KASHMIR LIBERATION FRONT (JKLF)

Jammu Kashmir Liberation Front

22-06-2024 | Urdu

جموں کشمیر لبریشن فرنٹ۔
(سنٹرل انفارمیشن آفس)۔

پریس رلیز مورخہ ۲۲ جون ۲۰۲۴ء۔

جموں کشمیر لبریشن فرنٹ حکومت آزاد کشمیر کے سابق سینئر وزیر اور مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کے سینئر رہنما و موجودہ سیکریٹری جنرل طارق فاروق کی طرف سے آزاد کشمیر کو پاکستان کا عبوری صوبہ بنانے کی تجویز کو مسترد کرتا ہے۔

سنٹرل انفارمیشن آفس سے لبریشن فرنٹ کے مرکزی ترجمان محمد رفیق ڈار نے طارق فاروق کی طرف سے گورکھ دھندا نامی ایک نجی ٹی وی ویب چینل کو گذشتہ روز ایک انٹرویو میں آزاد کشمیر کو عبوری صوبہ بنانے کی تجویز کے ردعمل میں یہ بیان دیا۔

ترجمان نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ منقسم ریاست جموں کشمیر کی مقتدر سیاسی، تحریکی و انقلابی قیادت کے مشترکہ قومی فیصلے کے مطابق جہاں بھارت کے ۵ اگست ۲۰۱۹ء کی جارحیت کو مسترد کرتے ہوئے مزاحمت جاری رکھنے کا اعلان ہوا وہاں انہوں نے آزاد کشمیر کو پاکستان کا عبوری صوبہ بنائے جانے کے مجوزہ منصوبے کی بھی مخالفت کی۔

ترجمان نے اپنے بیان میں طارق فاروق کی اس شکست خوردگی کے عالم پر افسوس کا اظہار کیا جس میں انہوں نے انٹرویو کے دوران ۵ اگست ۲۰۱۹ء کے بھارتی اقدام کو تسلیم کرتے ہوئے بھارت کے زیر قبضہ علاقعہ کو اب بھارت کا آئینی حصہ اور فیصلے کو حتمی (فائنل) قرار دیے کر آزاد کشمیر بارے پاکستان کا عبوری صوبہ بنائے جانے کی تجویز کو واحد حل قرار دیا۔

ترجمان نے کہا کہ ریاست جموں کشمیر ایک سیاسی وحدت ہے اور اس کی تقسیم ریاستی عوام کے لئے ناقابل قبول ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری قیادت کی طرف اس قسم کا بیان ریاستی عوام بالخصوص آزادی پسند عوام اور شہدائے جموں کشمیر اور اسیران وطن کی قربانیوں کے ساتھ غداری کے مترادف ہے۔

ترجمان کے مطابق ریاست جموں کشمیر کی عوام نے حق آزادی کے حصول کے لئے قربانیاں پیش کیں ہیں نہ کہ ریاست کی تقسیم کے لئے۔ انہوں نے طارق فاروق جیسے شکست خوردہ نام نہاد سیاسی لیڈروں کو متنبہ کیا کہ ایسے بیانات سے پرہیز کیاجائے جو ریاستی عوام کے امنگوں کے برعکس ہوں۔

لبریشن فرنٹ کے مرکزی ترجمان نے ریاست جموں کشمیر کی آزادی و خودمختاری کے حصول تک اپنی جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

منجانب: شعبہ نشرواشاعت جموں کشمیر لبریشن فرنٹ۔