جموں کشمیر لبریشن فرنٹ (سنٹرل انفارمیشن آفس)۔
پریس رلیز مورخہ ۶ جولائی ۲۰۲۴ء۔
محمد یاسین ملک کو ریاست جموں کشمیر میں جاری رواں قومی تحریک آزادی کے روحِ رواں قرار۔
سیزفائرلائن کے دونوں اطراف سے ریاستی عوام کے عزم اور بیش بہا قربانیوں کے پیش نظر آزادی جموں کشمیر کا مقدر بن چکا ہے۔
جموں کشمیر لبریشن فرنٹ شہداء کے ادھورے مشن کے تکمیل تک جدوجہد ہر قیمت پر جاری رکھے گا۔
قومی یکجہتی اور لبریشن فرنٹ کا منظم و متحد ہونا قومی تحریک آزادی کے لئے ضروری قرار۔
لبریشن فرنٹ کے ممبرانِ سپریم کونسل، زونل ذمہداران اور ایس ایل ایف کے مشترکہ اجلاس میں اہم فیصلے۔
غازی سہیل کٹاریہ کے بھائی کی نماز جنازہ میں پارٹی قیادت کے علاوہ کثیر تعداد میں عوام کی شرکت۔
// مرکزی ترجمان لبریشن فرنٹ۔
قائدِ انقلاب و بھارتی تہاڑ جیل میں قید کشمیریوں کے ہر دلعزیز قومی رہنما و چیئرمیں جموں کشمیر لبریشن فرنٹ محمد یاسین ملک ریاست جموں کشمیر میں جاری رواں قومی تحریک آزادی کے روحِ رواں ہیں۔ نریندر مودی کی قیادت میں قائم انتہاء پسند بھارتی حکومت کی جانب سے سیاسی انتقام گیری کا بدترین نشانہ بننے اور بلند حوصلوں و عزائم کا مظاہرہ کرنے پر قوم یاسین ملک سمیت جملہ اسیرانِ وطن کو سلام پیش کرتی ہے۔ اِن خیالات کا اظہار گذشتہ روز قائم مقام چیئرمین راجہ حق نواز خان کی صدارت میں منعقد جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے ممبرانِ سپریم کونسل، جملہ زونز کے اعلی عہدیداران اور سٹوڈنٹس لبریشن فرنٹ کے مرکزی قائدین کے ایک مشترکہ آن لائن اجلاس میں شرکاء نے کیا۔
سنٹرل انفارمیشن آفس سے جاری بیان کے مطابق ہنگامی طور پر طلب اس مشترکہ اجلاس میں مقبوضہ جموں کشمیر کی قیادت کے علاوہ وائس چیئرمین خواجہ سیف الدین، وائس چیئرمین سلیم ہارون، وائس چیئرمین ذاہد حسین، سفارتی شعبے کے سربراہ پروفیسر راجہ ظفر خان، مرکزی چیف آرگنائزر صابر گل، مرکزی سیکریٹری فائنانس خواجہ منظور احمد چشتی، مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل جاوید حنیف، زونل صدور (ساجد صدیقی، لیاقت علی لون، محمد حلیم خان، ملک مشتاق پاشا اور وسیم افتخار درانی)، مرکزی ڈپٹی چیف آرگنائزر سردار محمد انور خان، مرکزی ڈپٹی سیکریٹری فائنانس حافظ ممتاز احمد، ممبرانِ سپریم کونسل (ملک اسلم، سردار محمد حیات خان، ایس ایم ابراھیم ایڈووکیٹ، مزمل حق عادل اور طارق شریف)، زونل جنرل سیکریٹریز (تنویر ملک، ظہیر ذاہد، اشرف گلشن اور نیاز کشمیری)، چیئرمین ایس ایل ایف عبید شبیر، صدر قطر برانچ فیصل رفیق اور مرکزی سیکریٹری جنرل ایس ایل ایف عمران جہانگیر کیانی کے علاوہ راقم شریک رہے۔
میڈیا کے لئے جاری تفصیلات کے مطابق شرکائے اجلاس نے شہدائے وطن کے ادھورے مشن کی تکمیل تک حق و انصاف پر مبنی قومی تحریک آزادی کی جدوجہد کو ہر قیمت پر جاری رکھنے کےعزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ سیزفائرلائن کے دونوں اطراف سے ریاستی عوام کے عزم اور بیش بہا قربانیوں کے پیش نظر آزادی اب ریاست جموں کشمیر کا مقدر بن چکی ہے۔ انہوں نے سیزفائرلائن کے دونوں اطراف سے ریاست جموں کشمیر کے قومی تشخص کے خلاف ہونے والی ہر سازش کا مقابلہ کرنے کا عزم دھرایا، جس کے لئے شرکائے اجلاس نے قومی یکجہتی پیدا کرنے کی کوششوں کے ساتھ ساتھ لبریشن فرنٹ کو پوری ریاست کے اندر متحد اور منظم کرنے کی کاوشوں کو خوب سراہا۔
بیان کے مطابق سپریم کونسل کے اجلاس میں کئی اہم فیصلہ جات لیتے ہوئے شرکاء نے شہدائے جموں کشمیر کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت جبکہ محمد یاسین ملک سمیت جملہ (مرد و خواتین) اسیرانِ وطن کو خراج تحسین پیش کیا۔
دریں اثناء مرکزی ترجمان کے مطابق آزاد کشمیر گلگت بلتستان زون کے سیاسی شعبے کے سربراہ غازی سہیل احمد کٹاریہ کے برادرِ اکبر مرحوم شاہنواز کٹاریہ کے نماز جنازہ میں آج لبریشن فرنٹ کے قائم مقام چیئرمین راجہ حق نواز خان، زونل صدر ساجد صدیقی اور چیئرمین ایس ایل ایف عبید شبیر کی قیادت میں متعدد مرکزی، زونل، ضلعی و مقامی پارٹی و ایس ایل ایف سے وابستہ رہنماوں سمیت دیگر جماعتوں کے نمائندگان کے علاوہ کثیر تعداد میں عوام علاقعہ شامل رہے۔ یاد رہے سعودی عرب میں گذشتہ تین دہائیوں سے مقیم مرحوم شاہنواز کٹاریہ کی موت چند ہفتے قبل سعودی عرب میں واقع ہوئی جن کی جسد خاکی گذشتہ روز بذریعہ ہوائی جہاز اسلام آباد سے ہوتے ہوئے آبائی علاقعہ ڈونگی، کھوئرٹہ ضلع کوٹلی پہنچی۔ مرحوم کا نماز جنازہ مقامی وقت کے مطابق آج دن گیارہ بجے ادا کرنے کے بعد انہیں آبائی قبرستان میں دفن کیا گیا۔ بیان کے مطابق تنظیمی ساتھیوں اور دوست احباب نے مرحوم کا نماز جنازہ سعودی عرب اور اسلام آباد ائرپورٹ پر بھی ادا کیا۔ ترجمان نے سرینگر سمیت جملہ پارٹی قیادت کی طرف مرحوم شاہنواز کٹاریہ کی موت پر گہرے رنج و غم اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت و جنت نشینی جبکہ غازی سہیل احمد کٹاریہ سمیت جملہ لواحقین کے حق میں صبر و جمیل کی دعا کی۔
منجانب: شعبہ نشرو اشاعت جموں کشمیر لبریشن فرنٹ۔